نئی دہلی،02؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے منگل کو کانگریس لیڈر ہاردک پٹیل کی گجرات ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر فوری سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس میں2015 کے وسپورفسادات معاملے میں ان کے الزام سے بری پر روک لگانے کے لیے مسترد کر دیا گیا تھا۔جسٹس ارون مشرا کی قیادت والی بنچ کے سامنے اس معاملے کا فوری سماعت کے لئے ذکر کیا گیا تھا۔ بنچ میں جسٹس ایم ایم شانتاناگودر اور جسٹس نوین سنہا بھی شامل ہیں۔پٹیل کی جانب سے پیش ہوئے وکیل سے بنچ نے کہا کہ اس درخواست پر فوری سماعت کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ہائی کورٹ کا حکم گزشتہ سال اگست میں آیا تھا۔بنچ نے اس درخواست پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ حکم اگست 2018 میں منظور ہوا تھا۔ابھی فوری سماعت کی کیا ضرورت ہے؟پٹیل نے ہائی کورٹ کے 29 مارچ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے پیر کو سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ہائی کورٹ کا فیصلہ ان کے لوک سبھا الیکشن لڑنے کی راہ میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔پٹیل نے 12 مارچ کو کانگریس میں شامل ہونے کے بعد پارٹی کے ٹکٹ پر جام نگر سے الیکشن لڑنے کی تیاری شروع کر دی تھی۔نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ چار اپریل ہے۔گجرات میں 26 لوک سبھا سیٹوں کے لئے ووٹنگ 23 اپریل کو ہوگی۔